وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان سے روس کے ڈپٹی وزیر ٹرانسپورٹ دمتری ژراؤف نے ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک کے درمیان مواصلات کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ اور نئے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں سائیڈ لائن پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور روسی نائب وزیر ٹرانسپورٹ کی ملاقات ہوئی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین اور افغانستان کے ذریعے وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک اہمیت کا حامل ہوگا۔ روسی ڈپٹی ٹرانسپورٹ منسٹر دمتری ژراؤف نے مواصلات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا کامیاب اجلاس خطے کی ترقی میں اہم کردارادا کرے گا۔ سیکرٹری مواصلات اور سیکرٹری ریلویز نے مواصلات کے شعبے میں اہم امور پر بریفنگ بھی دی۔