تحریک انصاف کی 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کی کال کے معاملے پر پارٹی قیادت اختلافات کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق متعدد سینئر رہنماؤں نے ایس سی او اجلاس کے موقع پر احتجاج کی مخالفت کر دی ۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹرگوہر سمیت سیاسی کمیٹی کے بعض ارکان احتجاج ملتوی کرنے کے حامی ہیں ۔ حامد خان، عمر ایوب، اسد قیصر بھی احتجاج کی کھل کر حمایت نہیں کر رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات گئے ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے سیاسی کمیٹی کو 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کے فیصلے پر نظرثانی کی سفارش کردی۔ ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اکثریتی ارکان کی رائے تھی کہ کہ ایس سی او سربراہی اجلاس قومی و بین الاقوامی اہمیت کا حامل ہے اس موقع پر احتجاج کے بجائے قومی مفاد مقدم رکھنا چاہئے۔ احتجاج سے اچھا پیغام نہیں جائے گا اور ملک کے ساتھ ساتھ پارٹی کو بھی نقصان ہوگا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو ہوگا جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے 15 اکتوبر کو ہی ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کردیا۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کے پیشِ نظر پنجاب کے اضلاع میں ہونے والا احتجاج منسوخ کردیا گیا۔