دنیا کے مشہور فٹبالر رونالڈو نے اپنی کامیابی میں اپنے ایک بچپن کے دوست کا کردار پہلی مرتبہ بے نقاب کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق فٹبالر رونالڈو نے انکشاف کیا ہے کہ میں وہ لمحہ کبھی نہیں بھول سکتا جب میرے دوست البرٹ نے میرے لیئے اپنی زندگی کی سب سے بڑی قربانی دی اور اپنا کیریئر میر ے لیئے قربان کر دیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم دونوں اس وقت بچے تھے ، ہم دونوں ہی ’ سپورٹنگ لسبن اکیڈمی‘ میں شامل ہونے کے خواہمشند تھے ، آخر کار وہ دن آ گیا اور ہمیں اپنا خواب سچ کرنے کا موقع ملا ، ’’ یو اے چیمپئن شپ ‘‘ گیم کے سپورٹنگ سکاوٹ وہاں پر موجود تھے ، لیکن اس میں صرف ایک ہی سیٹ خالی تھی ، انہوں نے ہمیں کہا کہ جو سب سے زیادہ گول کرے گا اسے اکیڈمی میں باقی رہ جانے والی ایک سیٹ پر منتخب کیا جائے گا ۔
رونالڈو نے کہا کہ مجھے یاد ہے جب میں نے پہلا گول کیا ، البرٹ بھی اچھا کھیل رہا تھا، تو بال البرٹ کے پاس تھا ، اس کے پاس موقع تھا اور وہ سیدھا نیٹ میں ہٹ کر کے گول کر سکتا تھا لیکن اس نے فٹبال مجھے پاس کر دیا اور میں نے گول کر دیا ،جو میں کبھی نہیں بھول سکتا ،اس ایک لمحے نے میری پوری زندگی بدل دی ، میں نے میچ کے بعد البرٹ سے پوچھا کہ جب تمہارے پاس گول کرنے کا واضح موقع موجود تھا تو تم نے گول کیوں نہیں کیا، تو اس نے جواب دیا کہ ’’تم مجھ سے بہتر ہو ، مجھے تم پر یقین ہے ‘‘، البرٹ کے یہ الفاظ میرے ذہن میں ٹھہر گئے ، البرٹ اس کے بعد کبھی پروفیشنل فٹبالر نہیں بن سکا ، لیکن میں نے اس کا ہمیشہ کیلئے خیال رکھنے کا فیصلہ کیا ، جب میں کامیاب ہوا تو میں نے اسے ایک محل اور کچھ سپورٹس کارز خرید کر دیں ،کیونکہ دوستی میں اس طرح کی وفاداری ضروری ہوتی ہے ،میں اس کا حق ادا کرنا چاہتاہوں ۔