متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) نے آئینی ترمیم کی حمایت کے بدلے بلدیاتی اداروں کیلئے اختیارات مانگ لئے۔
ہفتہ کو وزیر اعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران آئینی ترمیم کی حمایت کے بدلے بلدیاتی اداروں کیلئے اختیارات مانگ لئے گئے ہیں۔
بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے متعلق ایم کیو ایم کے مسودے کو بھی ترمیم کا حصہ بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق آرٹیکل 140 اے کی ترمیم کے حوالے سے ایم کیو ایم کا مسودہ وزیراعظم کو پیش کیا گیا اور وزیر اعظم نے کہا ہے کہ مطالبے پر مشاروت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے مشاورت کی ذمہ داری اسحاق ڈار، احسن اقبال، ایاز صادق ،رانا ثنا اللہ اور سعد رفیق کوسونپ دی ہے اور ن لیگی اعلیٰ سطح وفد اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد آئے گا۔
ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کی قیادت بلدیاتی اداروں سے متعلق مسودے پر مشاورت کرے گی اور ن لیگی وفد کل آئینی ترمیم کے موجودہ مسودے پر ایم کیو ایم قیادت کو اعتماد میں لے گا۔