وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اعلیٰ معیار کے تعلیمی نظام کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا اساتذہ کی بھرتیوں کے حوالے سے شفافیت اورمیرٹ کاخاص خیال رکھا جائے۔
اسلا م آبادمیں وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف کی زیرصدارت وزارت تعلیم وفنی تربیت کاجائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اعلیٰ معیار کے تعلیمی نظام کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، معیاری تعلیم و فنی تربیت کی فراہمی حکوم کی اولین ترجیح ہے،جدیدتعلیم میں اسکلز ڈویلپمنٹ،آئی ٹی اور ڈیجیٹائزیشن ناگزیرہوچکی ہیں۔
وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام کو انہی جدید خطوط کو استوارکرنے کی ضرورت ہے، یکساں تعلیمی نظام رائج کرنےکیلئےقومی نصابی سربراہ کانفرنس انتہائی ضروری ہے، وزیراعظم کی اسلام آباد،گلگت بلتستان،آزادکشمیراوربلوچستان میں دانش اسکولزپرکام تیزکرنےکی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں میں ڈے کئیر مراکز قائم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے اوراسلام آباد کے پارکس اور تفریحی مقامات پر ای لائیبریریز قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کیں ہیں، وزیراعظم کی ٹیچرز ٹریننگ اور اساتذہ کی صلاحیت جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے اسکولز میں فنی تربیت کو نصاب کا حصہ بنایا جائے، اساتذہ کی بھرتیوں کے حوالے سے شفافیت اور میرٹ کا خاص خیال رکھا جائے، اسلام آباد میں 100 ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں ۔
بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے167 اسکولز کی عمارتوں کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، اسلام آباد کے 5 ماڈل کالجز میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے جا رہے ہیں، اسلام آباد،شگر، گلگت اور بھمبر کے دانش اسکولز تکمیل کے مراحل میں ہیں، اسلام آبادکے دیہی علاقوں کے اسکولز میں 50 ڈیجٹل حب بنائے گئے ہیں۔