نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاک سعودی عرب اسٹرٹیجک شراکت داری نئے دور میں داخل ہوگئی۔
اسلام آباد میں منعقد پاک سعودی بزنس فورم سے خطاب میں میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ معیشت پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہوگئی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے ماحول سازگار ہے۔ پاکستان جلد دنیا کی چوبیسویں بڑی مضبوط معیشت بن کر ابھرے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کر رہا ہے۔ نائب وزیراعظم نے مسلم ممالک سے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ سعودی عرب کی آزادی اور خودمختاری کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
تقریب سے خطاب میں سعودی وزیر سرمایہ کاری خالدبن عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمارا گھر اور ہمارا خاندان ہے، ہمارا تعلق چند دہائیوں کا نہیں 1400 سال کا ہے، پاک سعودی عرب دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پرپہنچ چکے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین معاشی تعاون کا نیا دور شروع ہوگیا۔
خالدبن عبدالعزیز نے کہا کہ جب طیارے کے دروازے کھلے تو پاکستان کی محبت کا اندازہ ہوا، یہ میرا پہلا دورہ نہیں،جب بھی آیا خاندان کے رکن کے طورپرمحبت ملی۔ دوطرفہ تعاون تجارت سے بڑھ کر دفاع، تعلیم، ثقافت تک پھیلاہوا ہے۔