خیبر پختونخوا حکومت نے آئی جی پولیس کے اختیارات میں کمی کا فیصلہ کرلیا۔
خیبر پختونخوا حکومت پولیس ایکٹ میں ترامیم لا کر آئی جی پی کے اختیارات میں کمی لا رہی ہے جو دو ہزار سترہ میں پرویز خٹک دور حکومت میں تفویض کئے گئے تھے۔ خیبر پختونخوا کے آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں ترامیم کی منظوری دی جائے گی ۔جسے آج ہی اسمبلی میں پیش کرنے کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں پولیس ایکٹ میں ترامیم ایجنڈے میں شامل ہیں۔ترامیم کی منظوری سے خیبر پختونخوا میں آئی جی پی سے اعلی پولیس افسران کی تقرری وتبادلوں اور ان کو جزاوسزا دینے کا اختیار واپس لے لیا جائے گا ۔جو کہ دو ہزار سترہ میں پرویز خٹک دور حکومت میں دیا گیا تھا ۔ ترامیم کی منظوری سے یہ اختیارات واپس وزیر اعلی کے پاس چلے جائیں گے ۔
سولہ نکاتی کابینہ ایجنڈے میں صوبائی زکوہ کونسل کی تشکیل ،اسلحہ لائسنس ایکٹ اور لائ افسروں کی تقرری ایکٹ میں بھی ترامیم زیر غور آئیں گی ۔ کابینہ خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دے گی ۔جیلوں میں خوراک کی فراہمی اورتوانائی کے 5 منصوبوں کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے ۔ صوبائی کابینہ اجلاس میں دیگر اہم امور کی منظوری بھی شامل ہیں۔