اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات نہ کرانے پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس ثمن رفعت نے ریمارکس دیے کہ عدالتی آرڈر کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے۔ دو رکنی بینچ نے اس معاملے کے لیے ایس او پیز بنانے کی ہدایات دی تھیں۔
عدالت نے کہا کہ اگر کسی خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آیا تو توہین عدالت کی درخواست وہی بینچ سنے گا جس نے ہدایات دی تھیں۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے مزید کہا کہ میرے خیال میں اس کیس میں توہین عدالت کی درخواست نہیں بنتی تاہم نوٹس جاری کر دیتی ہوں لیکن میں اس پر مطمئن نہیں ہوں۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بناتے ہوئے درخواست دائر کی تھی۔