پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پی ٹی آئی کے 28 ستمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں احتجاج کیخلاف درج مقدمات میں عالیہ حمزہ، عامر مغل سمیت 25 پی ٹی آئی رہنماؤں کی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
پولیس نےعالیہ حمزہ ، عامر مغل سمیت پچیس نامزد ملزمان پی ٹی آئی رہنماوں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کر لئے۔ ملزمان پر نیوٹاون اوروارث خان تھانوں میں دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جاری کئے ۔
ملزمان میں عامر مغل ، شہریار ریاض ،تنویر بٹ،سابق صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ ، چوہدری امیر افضل ، خلیق زیاد کیانی ، تیمور مسعود اور دیگر رہنما شامل ہیں۔
عدالت نے تمام 25 ملزمان کو گرفتار کر کے اکیس اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ پولیس نے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔