اسلام آباد میں احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور جی ٹی روڈ بلاک کرنے پر پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
دہشت گردی، اقدام قتل سمیت چودہ سنگین دفعات کے تحت درج مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، اعظم سواتی، عامر مغل، بیرسٹر سیف اور 350 نامعلوم کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے مطابق ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، انہیں یرغمال بنایا اور حبس بے جا میں رکھا۔ ملزمان میں علی امین گنڈاپور پر سرکاری وسائل کا استعمال جبکہ اعظم سواتی پر مالی معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے۔
گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران بتایا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ڈی چوک پہنچنے کا حکم تھا۔ مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کا نام بھی شامل کیا گیا ہے جن پر کارکنوں کو ریاست کے خلاف تشدد پر اکسانے کا الزام ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے مقدمے کی مزید تفتیش میں مصروف ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔