وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور حواریوں کو اسلام آباد لا کر خود بھاگ گئے۔
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے 24 گھنٹوں بعد منظر عام پر آنے پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور ایک غیر ذمہ دار شخص ہے، حواریوں کو اسلام آباد لا کر خود بھاگ گئے۔
لازمی پڑھیں۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اچانک صوبائی اسمبلی پہنچ گئے
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بنیادی سوال ہے کہ علی امین گنڈاپور پچھلے 24 گھنٹے کہاں تھے؟ وہ بتائیں یہ ڈرامہ کیوں کیا۔
عطا ء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ باقاعدہ مہم چلائی گئی علی امین گنڈاپور کو اغوا کیا گیا، ان کا جھوٹ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے، عمر ایوب ، شاندانہ گلزار ، بیرسٹر سیف و دیگر کے بیانات کی قلعی کھل گئی۔
لازمی پڑھیں۔ کے پی ہاؤس سے نکلا تو جیب میں روپیہ بھی نہیں تھا، 12 اضلاع سے ہو کر پشاور پہنچا ہوں، علی امین گنڈا پور
انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد انقلاب برپا کرنے میں ناکامی کے بعد یہ ڈرامہ رچایا گیا، 9 مئی پی ٹی آئی لیڈرز کی قومی املاک پر موجودگی کے واضح ثبوت ہیں، پی ٹی آئی نے زندگی بھر سچ نہیں بولا۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے سے غائب رہنے والے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور منظر عام پر آگئے ہیں اور وہ اچانک صوبائی اسمبلی پہنچے جہاں اسپیکر بابر سلیم سواتی کے زیر صدارت اجلاس جاری تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی متضاد اطلاعات تھیں تاہم، اتوار کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایسی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی ادارے کی جانب سے گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ ان کی کے پی ہاؤس سے بھاگنے کی ویڈیو موجود ہے۔