وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ 2014میں بھی پی ٹی آئی نے دھرنا دیا اور چینی صدر کا دورہ بھی ملتوی کرایا، اس کے بعد ہمیں ایک سال انتظار کرنا پڑا ، اب وطن عزیز میں ایک بڑی کانفرنس ہونے جارہی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے ممالک کا اجلاس ہورہاہے، ایس سی اوسے پاکستان دنیا کے سیاسی نقشے پر نظرآرہاہے، پی ٹی آئی نے10سال بعد پھر وہی سازش شروع کر دی ہے ، ایس سی او آنےوالے وقت میں یواین سے بھی زیادہ اہم ہوجائےگی۔
خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلےایک سال سےفلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے، فلسطینیوں کے قتل عام پراقوام متحدہ کوئی کردارادانہیں کرسکی، کشمیرکی 1948کی قرارداد پر اب تک عملدرآمدنہیں ہوسکا، بڑی طاقتوں کی مرضی پر فوری طور پر عمل ہوجاتاہے، 10سال میں پاکستان اقوام عالم میں اپنامقام بنانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی نے پاکستان کا مقام بنانے کی کوشش کوسبوتاژ کی اور مسلح جتھوں میں سیکڑوں افغان باشندے موجود ہیں، افغان باشندوں کو گرفتاربھی کیاگیا جبکہ افغانستان سے امدادلی گئی، بانی پی ٹی آئی افغانستان سے ایسے ہی ہزاروں طالبان واپس نہیں لایا؟۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ایک مسلح تنظیم مذموم مقاصدپورا کرنےکیلئے تیار کی گئی، وہ تنظیم افغانستان سے پاکستان میں متنقل کی گئی، ایک صوبےکاوزیراعلیٰ دوسرے صوبے پر مسلح حملہ کررہاہے، تمام تر سرکاری مشینری،کرینیں،ٹرک،گاڑیاں،پیسہ استعمال کیاجارہاہے، بانی پی ٹی آئی کا بھیانک چہرہ سامنے آگیا، بھارتی وزیرخارجہ کوڈی چوک میں دھرنے سے خطاب کی دعوت دی گئی، مسلح افغانیوں کی فوج بناکر اسلام آباد پر فوج کشی کی جارہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایس سی او میں اور بھی بہت سے لوگ آرہے ہیں، صرف ہندوستان کے وزیرخارجہ کو دھرنے میں کیوں مدعوکیاگیا؟، یہ دعوت پی ٹی آئی کے پاکستانی ہونے پر سوالیہ نشان ہے، 2014میں بھی حملہ کیا،126دن اسلام آبادکامحاصرہ کیےرکھا، ان حالات میں وفاقی حکومت کس قسم کا جواب دے؟ ، ان حملوں کوپاکستان پر حملہ سمجھتے ہیں، اقتدارسےدوری پرپاکستان سے وفاداری کے تمام عہد ملیامیٹ ہوگئے، بانی پی ٹی آئی نے پورے پورے خاندان جیل میں ڈالے، سیاسی کشیدگی ماضی میں بھی بہت ہوتی رہی، کسی بھی اسٹیج پر پاکستانیت کو کسی نے چیلنج نہیں کیا، پاکستانیت کو ہر سیاسی جماعت نے معتبر رکھا، پی ٹی آئی پاکستان سے وابستگی اور حب الوطنی مشکوک کررہی ہے، تعلقات بہتر کرنا یہ ہے کہ آپ کے احتجاج میں بھارتی وزیرخارجہ شامل ہو؟، آپ دہلی میں جاکر جلسہ کرلیں،مودی کو جلسےمیں بلالیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کل رات ہمارے فوجی جوان شہیدہوئے، خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیاگیا، علی امین گنڈاپوریاکسی اوررہنمانے شہداسے متعلق کبھی ایک لفظ نہیں کہا، ان لوگوں نے ان شہداکو کبھی خراج تحسین پیش نہیں کیا، ، پاکستان کے معاشی اعشارئیے بہترہورہے ہیں، ایک سال میں شرح سود کم ہوئی، ایکسچینج ریٹ مستحکم ہوا،زرمبادلہ ریکارڈ سطح پر آگئیں، 80روپےپیٹرول سستا ہوا، بجلی سستی کرنے کا منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہوگیا، انہیں معلوم ہے مہنگائی کم، ہم پر9مئی مقدمات شروع ہوگئے تو ان کا والی وارث صرف جے شنکر ہے۔
ان کا کہناتھا کہ میں نے نہیں،پی ٹی آئی نے جے شنکرکومدعوکیا،یہ سب کچھ میڈیا اور قوم کے سامنے ہورہاہے، افغانستان میں بیٹھے طالبان ان کے ساتھ اسلام آبادآرہے ہیں، ہندوستان اور طالبان پی ٹی آئی کی دو شناخت ہیں، ان کے لیڈر کا ایک بیان فلسطینیوں کے حق میں بتادیں، وزیراعظم نے واشگاف اندازمیں مسئلہ کشمیر اور فلسطین اٹھایا، وزیراعظم کو اقوام متحدہ میں مسئلہ اٹھانے پر پذیرائی ملی، فلسطینی صدر نے وزیراعظم کی تقریر کی تعریف کی، وزیراعظم کے کامیاب دورہ پر ان کو دورے پڑرہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت کے جے شنکرکومدعو کرنے سے یہ خود ننگےہورہے ہیں، ہم تو انٹرنیشنل فورم پر ان سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز کرتے ہیں، یہ لوگ ان کو ڈی چوک میں جلسے پر مدعوکررہے ہیں، یہ جو مرضی کرلیں اسلام آباد پر حملہ دشمن قوت کا حملہ سمجھتے ہیں، یہ ملک پر حملے کی تیاری کرکے آرہے ہیں، ملک دشمنوں قوتوں کی اعانت کے ساتھ حملہ آورہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہناتھا کہ کےپی پر یہ پچھلے10، 12سال سے مال کھا رہے ہیں، کے پی کے مال سے یہ حملہ آورہے ہیں، طالبان کے ہاتھوں پر ہمارے جوانوں،شہریوں کا خون ہے، طالبان کے مسلح جتھوں کو یہ ساتھ لے کر آرہے ہیں، ان کو الٹا لٹکا کر ان سے حساب لیاجائےگا، ہم نےقیدبھگتی،عدالتوں میں ہماری بے گناہی ثابت ہوئی، نوازشریف،شہبازشریف،حمزہ شہباز،مریم نوازنےقیدیں بھگتیں ، یہ اسلام آباد پر حملہ آورہے ہیں، ان کا ہدف شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہے، یہ چاہتے ہیں پاکستان بین الاقوامی برادری میں اپنا مقام نہ بناسکے، یہ اس وقت سی پیک کو روکنا چاہتے تھے، یہ یہودی لابی پاکستان کے خلاف کام کررہی ہے، صادق اور امین کس کو کہاگیا؟، بانی پی ٹی آئی نے سابق اہلیہ کے بھائی کو صادق اور امین کہا، بانی پی ٹی آئی نےایک مسلمان کیخلاف صہیونی یہودی کی امداد کی، بانی پی ٹی آئی نے ٹی وی پرکہا میں نےزک گولڈاسمتھ کو الیکشن لڑنے کاکہا۔