انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023 کے 10 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 134 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی، کینگروز 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 177 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔ کوانٹن ڈی کوک نے ٹورنامنٹ کی مسلسل دوسری سنچری جڑ دی۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے لکھنؤ میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنا دیئے۔
آسٹریلیا کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، صرف 65 رنز پر 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، مچل مارش 7، ڈیوڈ وارنر 13، اسٹیو اسمتھ 19، جوش انگلس 5، گلین میکس ویل 3، مارکوس اسٹوئنس 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
مارنوس لیبوشین 46 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، مچل اسٹارک 27 اور پیٹ کمنز 22 رنز بناسکے، جوش ہیزل ووڈ 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایڈم زیمپا نے 11 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ربادا نے 3، جینس، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا 2 میچز جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ آسٹریلیا اپنے دونوں میچز ہار کر 10 ٹیموں میں نویں نمبر پر ہے۔
Quinton de Kock became the leading run-scorer of the #CWC23 with his ton against Australia 👏
— ICC (@ICC) October 12, 2023
#AUSvSA 📝: https://t.co/2QaPO6cvvc pic.twitter.com/zqIsk9kAJ7
اس سے قبل جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 311 رنز بنائے، ٹیمبا باوما 35 اور رسی وان ڈوسین 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کوانتن ڈی کوک نے 106 گیندوں پر 109 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
کوانٹن ڈی کوک نے میگا ایونٹ میں مسلسل دوسری سنچری جڑی، اس سے قبل انہوں نے سری لنکا کیخلاف میچ میں بھی 84 گیندوں پر 100 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔
جنوبی افریقا کے دیگر کھلاڑیوں میں ایڈن مرکرم نے 44 گیندوں پر 56 رنز بنائے، ہینرک کلاسن 29، ڈیوڈ ملر 17، مارکو جینسن 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور گلین میکس ویل نے 2، 2، ہیزل ووڈ، کمنز اور زیمپا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔