ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی رہنما عالیہ حمزہ کی پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ میں ضمانت کنفرم کر دی ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمہ کی سماعت ہوئی جس کے دوران عدالت نے ان کی ضمانت کنفرم کردی۔
عدالت کی جانب سے پیکا ایکٹ کے غیرمتعلقہ سیکشنز کا حوالے دینے پر پراسکیوٹر کی سرزنش کی گئی اور ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کہا سیکشن نو تب لگتا ہے جب ملزم کا تعلق کسی کالعدم جماعت سے ہو ۔
عدالت نے عالیہ حمزہ کی ضمانت پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض کنفرم کی ۔
میڈیا سے گفتگو
پی ٹی آئی کی خاتون رہنما نے میڈیا سے گفتگو میں کہا اس وقت ملک میں ماؤں بہنوں کا استحصال ہو رہا ہے ، بشریٰ بی بی کی کیمروں کے سامنے حجاب اتار کر تلاشی لی جاتی ہے اور جیل میں ان کے کمرے میں چوہے چھوڑے جا رہے ہیں ۔
عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ بانی پی ٹی آئی کو گرانے کے لئے ہو رہا ہے ، پاکستانی خواتین بانی پی ٹی آئی کی طاقت ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بدھ کو ملک کے تین شہروں میں لوگ بڑی تعداد میں نکلیں گے ۔