الیکشن کمیشن نے اسلام آباد الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی کے لئے مسلم لیگ (ن) کے دو ایم این ایز کو ترمیم شدہ درخواستیں آج ہی دائر کرنے کی ہدایت کردی۔ دوران سماعت تحریک انصاف کے امیدوار نے ناانصافی ہونے کا شکوہ کیا تو چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ چاہے کوئی ہمیں گالیاں دے۔ آئین و قانون کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔ مسلم لیگ ن کے وکلا اور پی ٹی آئی امیدوار شعیب شاہین الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ گزشتہ سماعت پر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن نے دلائل کے لیے وقت مانگا تھا۔ کمیشن نے انجم عقیل کے وکیل کو ہدایت کی کہ کل تک کا وقت ہے، درخواستوں میں ترمیم اور درستی کرکے جمع کرائیں۔
پی ٹی آئی کے امیدوار شعیب شاہین نے کہا کہ ہم تو یہاں اجنبی ہیں۔ ممبربلوچستان نے وجہ پوچھی تو بولے ہمارے ساتھ جو ناانصافیاں کی گئیں اُن کی بات کررہا ہوں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن آئین و قانون کے تحت کام کرتا رہے گا۔ چاہے کوئی ہمیں گالیاں دے، آئین و قانون پر عمل کریں گے۔
شعیب شاہین نے کہا ہم نے آج تک گالی نہیں دی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا یہ آپ اپنے ساتھیوں سے پوچھیں۔ ممبر کے پی نے ریمارکس دئیے کیا جو حق میں فیصلہ دے وہ انصاف اورباقی نا انصافی کرتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کو ترمیم شدہ درخواستیں آج ہی دائر کرنے کی ہدایت کردی۔ طارق فضل چوہدری کی درخواست پر سماعت چار اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔