بلوچستان کے ضلع پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 7 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق پنجگور کے علاقے خدا بادان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 مزدور جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب سے ہے جبکہ زخمی ہونے والے مزدور کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور نعشوں کو بھی مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے واقعہ میں کالعدم بی ایل اے کے دہشت گرد ملوث ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والے مزدور خدا بدن پنجگور کے علاقے میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کر رہے تھے۔
کالعدم بی ایل اے کے دہشت گرد اپنی ناکامیوں سے پریشان، انسانیت اور اخلاقیات کی تمام اقدار بھول چکے ہی، ان دہشت گردوں کا نا کوئی دین ہے اور نہ مذہب جو نہتے مزدوروں کو جو مزدوری کے لئے دور افتادہ علاقوں میں کام کرنے جاتے ہیں، کو اپنی بربریت کا نشانہ بناتے ہیں۔
تاہم، ریاست اور سیکورٹی فورسز ان بیرونی فنڈنگ پر پلنے والے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گی۔
جاں بحق مزدوروں کی شناخت
جاں بحق مزدوروں کی شناخت ساجد ولد اللہ بخش، فیاض ولد اللہ دتہ، خالد ولد فدا حسین، شفیق ولد فیض بخش، افتخار ولد اقبال، سلمان ولد فیاض اور بلال ولد شوکت کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعہ میں زخمی ہونے والے واحد مزدور کی شناخت رمضان ولد اللہ یار کے نام سے ہوئی جبکہ اس کا تعلق بھی ملتان سے ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مذمت
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کا قتل قابل مذمت ہے، آج پھر بلوچستان کی دھرتی پر بے گناہوں کا لہو گرا، دہشتگرد بزدل اور انسانیت سے بے بہرہ ہیں۔
اپنے بیان میں سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بے گناہوں کے قتل کا حساب دنیا و آخرت دونوں میں دیں گے، بلوچستان میں ایک بار پھر دہشتگردوں نےغریب پاکستانی مزدوروں پر وار کیا، دہشتگرد کب تک بلوں میں چھپیں گے ، چن چن کر قتل کا حساب لیں گے۔
وزیر داخلہ کی تعزیت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی مزدور کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔
حسن نقوی نے کہا کہ مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کےساتھ ہیں اور غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔