وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے گلوبل ٹرانسپورٹ فورم کے دوران تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کی۔ چین ، افغانستان ، تاجکستان اور پاکستان کے مابین چارملکی ٹرانزٹ روٹ کے معاہدے پر غور کیا گیا ۔
عبدالعلیم خان نے کہا پاکستان جوائنٹ منسٹریل کمیٹی اور جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کیلئے تیار ہے ۔ پاکستان سے تاجکستان کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے ۔ وسط ایشیائی ممالک سے دو طرفہ اور باہمی تجارت کے فروغ کےخواہاں ہیں۔ پاکستان سے تاجکستان کیلئےچین کے راستے بلاواسطہ تجارتی راہداری زیر غور ہے ۔
وفاقی وزیر نے تجویز دی کہ تجارتی گاڑیاں چین سے خنجراب،کاشغر،مرغاب سے تاجکستان جا سکتی ہیں ۔ چین میں جاری گلوبل فورم شریک ممالک کےلیے سود مند ثابت ہو گا۔
تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ عظیم ابراہیم نے پاکستانی عوام کے لیے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان سے سرمایہ کاری و کاروبار کے فروغ میں گہری دلچسپی ہے۔ مئی میں عبدالعلیم خان کی سربراہی میں جوائنٹ منسٹریل کمیٹی کا اجلاس مفید رہا ۔
ملاقات میں دونوں وزرا کا مستقبل میں باہمی تعاون اور مشترکہ سرگرمیوں کے فروغ پر اتفاق۔ طے پایا کہ باہمی معاہدوں پر پیش رفت جاری رہے گی ۔