اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے ٹرائل نہیں روکا ۔ حتمی فیصلے سے روکا ہے ۔ ٹرائل جاری رہے گا۔
بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کے خلاف ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل جاری رہے گا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران وضاحت کر دی۔
نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے ملزمان کی جانب سے ٹرائل میں تعاون نہ کرنے کی شکایت کی تو چیف جسٹس عامر فاروق نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہ یہ تاثر نہ دیں کہ آپ تاخیر کر رہے ہیں۔ ٹرائل کس مرحلے میں ہے اورکیا ہو رہا ہے ہم اس میں مداخلت نہیں کریں گے۔ملزمان اگر ٹرائل میں تعاون نہیں کرتے تو پھر متعلقہ عدالت دیکھے۔
چیف جسٹس عامر فارق نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل جاری رہے گا کا مطلب جاری رہے گا۔ ہم نے سادہ سی انگریزی میں کہا ہے کہ حتمی فیصلہ نہیں دیا جائے گا ۔عدالت نے حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کے حکم میں دو اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔