وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو شہری آبادی میں اضافے کے چیلنج کا سامنا ہے۔ ذرائع آمد و رفت میں بہتری کے لیے شہریوں کے تحفظ کو مدنظررکھنا ہوگا۔
چین میں منعقدہ گلوبل ٹرانسپورٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے مواصلات میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اورگرین ٹیکنالوجی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو شہری آبادی میں اضافے اور ماحولیاتی تنزلی کا بڑا چیلنج درپیش ہے۔ ذرائع آمد و رفت میں بہتری کے لیے شہریوں کے تحفظ کو مدنظررکھنا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک اور چائینہ بیلٹ روڈ منصوبوں سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے۔ سی پیک تجارتی راہداریاں گرین انرجی اور کلین ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہائی ویز اور بندرگاہوں کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق مربوط بنانا اُن کی ترجیح ہے۔ اسی سے معاشی بہتری ہوگی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ مواصلاتی نظام میں بہتری سے معیشت ہی نہیں ثقافت اور معاشرت کو بھی فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مواصلات کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور گرین ٹیکنالوجی کے حامی ہیں۔ گلوبل ٹرانسپورٹ فورم سے صدرپاکستان آصف علی زرداری نے بھی ورچوئل خطاب کیا۔