عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ سماعت ملزمہ کے وکیل عثمان گل کے ڈینگی میں مبتلا ہونے کے باعث ان کی عدم حاضری پر ملتوی کی گئی۔ نیب پراسکیوشن ٹیم نے اعتراض اٹھایا کہ وکلاء صفائی کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست تاخیری حربہ ہے۔
ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس میں آخری گواہ نیب تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح کو آج ایک بار پھر آگے نہ بڑھایا جاسکا۔ بشری بی بی کے وکیل عثمان گل کی عدم حاضری پر سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی۔
نیب وکلاء کا کہنا تھا کہ ریفرنس میں بشری بی بی کی جانب سے سلمان صفدر، خالد یوسف اور مشعال یوسفزئی سمیت چار وکلاء پیروی کر رہے ہیں، عثمان گل اگر بیمار ہے تو ان وکلاء کو طلب کر کے آخری گواہ پر جرح کرائی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے وکلاء صفائی خود آرڈر لائے کہ کاروائی کو آگے بڑھایا جائے، اب وکلاء صفائی جان بوجھ کر ریفرنس کی سماعت کو التوا کا شکار کر رہے ہیں۔
عدالت نے ملزمہ کے وکلاء کو آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہ پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو جیل میں قائم عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے موقع پر انتظار پنجھوتہ، نعیم پنجھوتھہ اور فیصل فرید جبکہ نیب کی جانب سے سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔