ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں معاشی ترقی میں تیزی اور مہنگائی میں کمی کی پیشگوئی کردی۔
پاکستان کی معاشی صورتحال پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اصلاحات کے مضبوط نفاذ سے ترقی میں اضافہ ہوا ہے، رواں مالی سال معاشی شرح نمو میں 2.8 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے معاشی ترقی کا ہدف 3.6 فیصد مقرر کر رکھا ہے، گزشتہ مالی سال معاشی گروتھ 2.4 فیصد تک بحال ہوئی، پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں کمی کا امکان ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان میں زرعی آمدن اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، اس کی وجہ سے پاکستان میں اشیاء کی کھپت بھی بڑھی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کیلئے خطرات بدستور موجود ہیں، اے ڈی بی نے ملک کے اقتصادی اصلاحاتی پروگرام پرعملدرآمد مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے میکرواکنامک استحکام اور ترقی کی مسلسل بحالی میں مدد ملے گی۔