الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کی قانونی ٹیم نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے بارے مزید رہنمائی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی تجویز دے دی۔
منگل کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا چھٹا اجلاس ہوا جس میں قانونی ٹیم نے مزید رہنمائی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی تجویز دے دی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کرنے کا فیصلہ نہیں ہوسکا اور معاملہ ابھی زیرغور ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے معاملے پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور اس حوالے سے کل دوبارہ اجلاس ہوگا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں ممبر خیبرپختونخوا نے شرکت نہیں کی۔