اسلام آباد میں دو بچوں کو حبس بے جا میں رکھنے اور مبینہ تشدد کے الزام میں تھانہ شمس کالونی کے سب انسپکٹر شعیب پاشا کو گرفتار کرلیا گیا۔
ورثاء کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شمس کالونی کے سب انسپکٹر شعیب پاشا نے پمز اسپتال سے 2 بچوں کو اٹھایا جن کی عمریں 11 اور 12 سال ہیں اور ان بچوں کو حبس بے جا میں رکھا۔
ورثاء کا کہنا تھا کہ شعیب پاشا نے بچوں پر جوتوں اور لاٹھیوں سے تشدد بھی کیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور ملزم کیخلاف تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کو نوکری سے برطرف بھی کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم کیخلاف بچوں کو حبس بے جا میں رکھنے اور زیادتی کی شکایت ملی تھی جس کے بعد ڈی آئی جی کی زیرنگرانی واقعے کی انکوائری عمل میں لائی گئی ہے۔