امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان تناؤ اب اس سے کہیں زیادہ ہے جو کہ کچھ دن پہلے تھا، علاقائی فوجی کشیدگی اسرائیل کے "بہترین مفاد" میں نہیں ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ علاقائی فوجی کشیدگی اسرائیل کے بہترین مفاد میں نہیں ہےکیونکہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ نے جنگ کے خدشات کو جنم دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نہیں مانتے کہ اس فوجی تنازع کو بڑھانا اسرائیل کے بہترین مفاد میں ہےانھوں نے کہا کہ یہ بات میں براہ راست اپنے اسرائیلی ہم منصبوں سے کہہ رہا ہوں،ہمیں اب بھی یقین ہے کہ یہاں سفارتی حل کے لیے وقت اور جگہ موجود ہے اور ہم اسی پر کام کر رہے ہیں۔
رات گئے راکٹ فائر شمالی حیفہ کے کنارے کریات بیالیک تک پہنچ گئے ہیں یہ حملے جمعہ کے روز بیروت پر ہونے والے فضائی حملے کے بعد ہوئے ہیں جس میں حزب اللہ کے کمانڈروں سمیت 45 افراد شہیدہوئے تھے اور ہفتے کے شروع میں لبنان بھر میں مواصلاتی آلات (پیجر) کے مہلک دھماکوں میں 39 افراد ہلاک اور تقریباً 3,000 زخمی ہوئے تھے۔