لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ لال حویلی کو فوری ڈی سیل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاض رؤف نے شیخ رشید احمد کے بھائی شیخ صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران وکیل درخواستگزار سردار عبدالرازق نے چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے فیصلے پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ تین ماہ کے لئے عارضی چیئرمین لایا گیا، جس نے لال حویلی سیل اور رجسٹریاں منسوخ کر دیں۔
وکیل درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت حویلی ڈی سیل کرنے کا حکم جاری کرے۔
جسٹس مرزا وقاص رؤوف نے ریمارکس دیئے کہ ڈی سیل تو حتمی فیصلہ ہوگا جس کیلئے فریقین کو سننا ضروری ہے۔
عدالت نے لال حویلی سیل کرنے اور رجسٹریوں کی منسوخی کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے منظورکرتے ہوئے 19 اکتوبر کو سماعت کے لئے مقرر کردیں جبکہ محکمہ اوقاف کو مزید کارروائی سے بھی روک دیا۔
عدالت نے وفاقی حکومت اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس بھی جاری کیے اور واضح کیا کہ اگلی تاریخ پر کسی کو التوا نہیں ملے گا۔