وزیرداخلہ محسن نقوی سے چین کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، کراس بارڈر انسداد دہشتگردی، اسمگلنگ و منشیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت چین کے وزیر سیاسی و قانونی امور چن مینگوو نے کی۔ ملاقات کے دوران گلگت یا سنکیانگ میں پولیس و پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ انسداد دہشتگردی مشقوں پر بھی غور کیا گیا۔ گلگت بلتستان پولیس افسران کی سنکیانگ پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں دہشتگردی کے سدباب کے لیے جامع اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق ہوا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں وفد جلد صوبہ سنکیانگ کا دورہ کرے گا۔ چین کے وزیر نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو بھی سنکیانگ کے دورے کی دعوت دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں صوبہ سنکیانگ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سی پیک کا منصوبہ بھی چین کے صوبہ سنکیانگ سے ہی گزرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنکیانگ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔