اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماوں کیخلاف اسلام آباد کے آئی نائن تھانے میں درج مقدکے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، پی ٹی آئی رہنماؤں واثق قیوم عباسی اور راشد حفیظ کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا جبکہ فیصل جاوید کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی گئی، پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عدالت ملزم کا رویہ دیکھ لے، مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
وکیل کی جانب سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرنے پر جج نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت پر بیماری کی وجہ سے استثنیٰ دیا چار دن بعد جلسے میں ملزم کی طبیعت بالکل ٹھیک تھی۔ جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ 4 تاریخ بیماری کی وجہ سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی تھی مگر 8 کو ستمبر کے جلسے میں ملزم کی طبعیت ٹھیک تھی۔