خلیج تعاون کونسل کے 4 ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق بحرین، کویت، قطر اور اومان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے ستمبر کے دوران 248.1 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو اگست کے مقابلہ میں 1.38فیصد زیادہ ہے۔ اگست میں ان ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 244.7 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ گزشتہ سال ستمبر میں خلیج تعاون کونسل کے ان ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 296.7 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اعدادوشمار کے مطابق ستمبر میں بحرین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 33.4، کویت 64.7، قطر 70.7 اور اومان سے ترسیلات زر کا حجم 79.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ان ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 721.1 ملین ڈالر کازرمبادلہ ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18.2 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بحرین ، کویت، قطر اور اومان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 881.8 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔