پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) بلاول بھٹو کا سوشل بائیکاٹ کریں۔
صوابی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے کہ جو خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہتے تھے، وہ بھی اس سازش میں برابر کے شریک ہیں، بھٹو کا نواسہ، بلاول زرداری اس سازش میں برابر کا شریک ہے، بلاول زرداری 1973 کے آئین کو ختم کرنے کے لیے غیر جمہوری لوگوں کے ساتھ بیٹھا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو آرٹیکل 8 جو بنیادی انسانی حقوق سے متعلق ہے، اس میں ترمیم کرنا چاہتے تھے ، یہ لوگ عملی طور پر ملک میں مارشل لا نافذ کرنا چاہتے تھے، پہلی بار خود کو جمہوری کہنے والے لوگ سویلین کے ملٹری ٹرائل کو جائز قرار دینے والے تھے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور اختر مینگل کو مختلف آئینی ترامیم کے مسودے دیے گئے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایمل ولی اپنے دادا اور پردادا کی سیاست اور نام کو ملیا میٹ کر رہا ہے، ہم پاکستان میں آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ، اور پارلیمان کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔