مسابقتی کمیشن مختلف کاروباری شعبوں میں گٹھ جوڑ اور اجارہ داریوں کیخلاف متحرک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مختلف شعبوں میں کاروباری اجارہ داریوں اور گٹھ جوڑ کےخلاف مسابقتی کمیشن کے کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی ہے،کمیشن نے پہلی بار ایک سال میں 7 کروڑ روپے کے جرمانے وصول کرلیے ہیں،یہ جرمانے چینی،سیمنٹ،کوکنگ آئل،پولٹری، پینٹ اور مشروبات سیکٹرز سے وصول کیے گئے۔۔
مسابقتی کمیشن کی جانب سے مختلف سیکٹرز کو سیکڑوں ارب روپے کے جرمانے کے گئے تاہم عدالتوں اور اپیلٹ ٹریبونلز میں کیسز زیر التوا ہونے کے باعث وصولی نہ ہوسکی، آٹو موبائل ٹیلی کام سمیت مختلف سیکٹرز کے خلاف 559 کیسز زیر التوا ہیں، شوگر سیکٹر 44 ارب روپے کا نادہندہ ہے۔
مسابقتی کمیشن کے مطابق الیکٹرانک سامان، گلاس، ای کامرس سیکٹر گمراہ کن مارکیٹنگ میں ملوث پایا گیا ٹیلی کام سیکٹر کے زمہ 11 ارب روپے کے جرمانے ہیں،سیمنٹ سیکٹر کے زمہ 6.3 ارب روپے جرمانے کی ریکوری مقدمات کے باعث زیر التواء ہے الیکٹرانک گڈز سیکٹر کے زمہ ایک ارب روپے ہیں، انشورنس سیکٹر اورفلاور ملز ایسوسی ایشن کے زمہ بھی بھاری جرمانہ ہے۔
سپریم کورٹ میں 54، اپیلٹ ٹریبونلز میں 170 کیسز زیر التوا ہیں،لاہور اور سندھ ہائیکورٹس میں 43،43 جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں 17 کیسز زیر التوا ہیں 9 مقدمات پر فیصلہ محفوظ ہےپشاور ہائیکورٹ میں بھی ایک مقدمہ زیر التوا ہے مسابقتی کمیشن نے مقدمات کی تیز سماعت کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔