سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور ملک کو سر عام بے عزت کروا رہے ہیں۔
منگل کو پشاور میں رحمت العالمین کانفرنس میں افغان قونصلیٹ کےعہدیداروں کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے دعوت دی اور اس حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران افغان کونسل جنرل محب اللہ شاکر پاکستان کے قومی ترانے کے دوران بیٹھے رہے۔
لازمی پڑھیں۔ افغان قونصلیٹ کےعہدیداروں کی بدتہذیبی اور سفارتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی
افغان قونصلیٹ نے سفارتی پروٹوکول کی دھجیاں اڑاتے ہُوئے ڈِٹھائی اور بے شرمی دکھائی جس پر سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے خصوصی بیان میں سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کے پی اقتدار کے لئے ملک کو سرعام بےعزت کروا رہے ہیں اور پی ٹی آئی اقتدار کے لئے ملک توڑنے کے ڈگر پر چل رہی ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جمہوری ملک جوڑنے والی حکومت نالائق اور نااہل کے ساتھ ساتھ نکمی اور بزدل بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کوئی مذمتی بیان کوئی ایکشن کوئی ڈیمارش کسی قسم کی کوئی چیزنہیں کی گئی، سب سورہے ہیں، حکومت ٹک ٹاک سمجھ کر ہی کچھ کرلے۔