فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان لڑائی پانچویں دن میں داخل ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 1200 صیہونی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے کے متعدد واقعات کے بعد حماس نے ہفتے کے روز اسرائیل پر اچانک حملہ کیا تھا اور محض 20 منٹ میں 5000 راکٹ فائر کئے تھے جبکہ سینکڑوں اسرائیلی فوجی اور پولیس اہلکاروں کو یرغمال بھی بنایا۔
اسرائیل نے حماس کے حملے کو باقاعدہ ’ جنگ ‘ قرار دیا تھا اور جوابی کارروائیوں میں غزہ اور دیگر شہروں میں بمباری کا آغاز کیا جو تاحال جاری ہے اور اس بمباری کے نتیجے میں مساجد سمیت متعدد رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
A Palestinian house catches fire after being targeted by Israeli airstrikes in the Sheikh Radwan neighborhood in #Gaza City. pic.twitter.com/Fm09eNIuCi
— Quds News Network (@QudsNen) October 11, 2023
اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ریکارڈ تعداد میں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہے۔
فلسطینی وزارت صحت
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق صیہونی فوج کے حملوں میں اب تک 1055 افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں 260 بچے اور 230 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 5184 زخمی ہوئے ہیں۔
Media coverage: "The death toll of the ongoing Israeli aggression on Gaza has climbed to 1,055, with 5,000 others injured, according to the Palestinian Ministry of Health."#GazaUnderAttack pic.twitter.com/EXi29Of4LF
— Quds News Network (@QudsNen) October 11, 2023
حماس
حماس کے مطابق اسرائیلی کی جانب سے غزہ کی پٹی پر رات گئے سینکڑوں فضائی حملے کئے گئے۔
حماس میڈیا آفس کے سربراہ سلامہ معروف نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فضائی حملوں میں درجنوں رہائشی عمارتیں ، فیکٹریاں، مساجد اور مارکیٹس بھی متاثر ہوئیں۔
حماس کے فوجی کمانڈر کا بھائی شہید
اسرائیلی فضائی حملوں میں حماس کے سینئر فوجی کمانڈر محمد دیف کا بھائی بھی شہید ہوگیا۔
حماس سے وابستہ میڈیا کے مطابق عبدالفتاح دیف غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس شہر میں ایک فضائی حملے کے دوران شہید ہوا۔
خیال رہے کہ محمد دیف حماس کے فوجی دستے الاقصیٰ بریگیڈز کے کمانڈر ہیں اور انہیں مارنے کے لئے اسرائیلی فورسز کی جانب سے متعدد کوششیں کی گئی ہیں تاہم کامیابی نہیں مل سکی۔
غزہ کی اسلامی یونیورسٹی پر بمباری
اسرائیلی طیاروں نے غزہ کی اسلامی یونیورسٹی پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں کئی بلاکس مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ پانچ دنوں میں 22 ہزار 600 گھر تباہ ہوگئے، 10 طبی یونٹس اور 48 اسکول اسرائیلی بمباری کی زد میں آئے جبکہ اسکولوں اور گھروں پر بمباری سے اب تک 260 بچے شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ میں 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہوچکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد نے اقوام متحدہ کے 88 سکولوں میں پناہ لے رکھی ہے۔
دوسری جانب حماس نے بھی اسرائیل پر راکٹ فائر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ اسرائیلی فورسز اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج کے مطابق حماس کے حملوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 1200 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 2700 سے زائد افراد زخمی ہیں۔