وزیر اعظم شہباز شریف سے ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی) کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کے بارے میں وفد کو آگاہ کیا۔
پیر کو ہونے والی ملاقات میں صدر اے ڈی بی مساتسوگو آساکاوا وفد کی قیادت کر رہے تھے جبکہ ملاقات میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات و نجکاری عبدالعلیم اور دیگر وزرا بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی اصلاحات میں ٹیکس محصولات ، توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور سماجی تحفظ سے متعلق اصلاحات شامل ہیں ، اصلاحات کے کامیاب نفاذ کے کیلئے پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔
وزیراعظم نے 2022 کے سیلاب کے بعد ای ڈی بی کی متاثرہ علاقوں کیلئے ڈیڑھ ارب ڈالر امداد کو سراہا اور زراعت اور ماحولیاتی منصوبوں میں ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے خواہش کا اظہار کیا۔
صدر ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جامع اصلاحات کرنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی گئی اور پاکستان کے لیے بینک کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
بعدازاں، وزیراعظم اور صدر اے ڈی بی نے سندھ اور کے پی کیلئے فنڈز فراہمی کے معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
معاہدوں کے مطابق اے ڈی بی سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ کیلئے 40 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا جبکہ خیبر پختونخوا میں دیہی روڈز ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے 32 کروڑ ڈالر دیئے جائیں گے۔
یہ دونوں منصوبے سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی بحالی سے متعلق ہیں۔