پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ابھی تک آئینی ترمیمی بل کاڈرافٹ ہمیں پیش نہیں کیا گیا۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا حکومت کے پاس آئینی پیکج لانے کا مینڈیٹ نہیں ہے، ہمارا پہلا مطالبہ ہے کہ کس چیز پر ڈسکس کرنا ہے؟، کونسے نکتے پر بحث کرنی ہے اور کونسا آرٹیکل آپ تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آپ عدالت بنانا چاہتے ہیں تو اسکے خدوخال بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ، فضل الرحمان اور ایمل ولی کا بھی یہی کہنا تھا کہ ڈرافٹ تو پیش کریں، 10 آرٹیکلز میں تبدیلی کرنی ہے یا 20 آرٹیکلز میں ، بغیر ڈرافٹ کیسے کریں؟۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خصوصی کمیٹی 10 ستمبر واقعے کے بعد ہماری قرارداد پر قائم کی گئی تھی، ہمارا مطالبہ ہے کہ سب سے پہلے ہمیں ڈرافٹ پیش کیا جائے ۔