جمعیت علما اسلام ( جے یو آئی ) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کا ڈرافٹ دیکھے بغیر ہم کیسے بل کیلئے ووٹ دے سکتے ہیں ؟۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جمیت علماء اسلام کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن سے وابستہ شخصیات ملاقات کیلئے آئیں، ہم نے ان سے کہا کہ آپ کو بہت جلدی ہے۔
جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد سے ایک ہی بات کی ہے کہ ہمیں ابھی تک وہ ڈرافٹ نہیں ملا، ہمیں ابھی تک ترمیمی بل نہیں ملا ہے، ہم بل دیکھے بغیر کیسے ووٹ دینے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما بھی ہم سے ملاقات کیلئے آئے، ان سے بھی یہی کہا ہے کہ اتنی جلدی نہ کریں، ہمیں موقع دیا جائے تاکہ بل کو تفصیل سے ایک بار پڑھ لیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب اجلاس دوبارہ شروع ہونے والا ہے جس میں ہم اپنا مؤقف سامنے رکھیں گے، اجلاس میں ہم کہیں گے کہ معاملے پر اتنی جلدی کیوں کی جارہی ہے؟، اگر جلدی میں ہیں تو ہم شاید اسے سپورٹ نہ کرسکیں۔