ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) سے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے خلاف 9 مئی کے مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے مقدمات کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ایف آئی اے سے انکوائریوں و مقدمات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مراسلے پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے متحرک ہوگئے اور انہوں نے تمام زونل ڈائریکٹرز سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے اس سلسلے میں تمام زونز میں تحریری مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
مراسلہ میں پوچھا گیا کہ کیا 9 اور 10 مئی سے متعلق کسی زون میں انکوائری یا مقدمہ کی تفتیش جاری ہے؟، اگر اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تو ان میں کیا پیشرفت ہوئی۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تمام زونل ڈائریکٹرز کو آج شام تک رپورٹ بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے اور کل ایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کروائی جائے گی۔