وفاقی حکومت نے اتحادی جماعتوں کے ارکان کو مجوزہ آئینی ترامیم پارلیمنٹ میں لانے سے باضابطہ آگاہ کرتے ہوئے تمام ارکان کو اتوار ( کل ) کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے نمبر گیم پوری کرنے کے مشن کے سلسلے میں مسلم لیگ ن اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔
وزیراعظم سیکرٹریٹ میں دیے جانے والے عشایئے میں مسلم لیگ ن کے سینیٹرز اور ایم این ایز شریک ہوئے جبکہ ایم کیو ایم ، مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ ضیاء کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے تمام اتحادی ارکان کو کل پارلیمنٹ میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے عشایئے میں ملک کو درپیش صورتحال پر روشنی ڈالی اور اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کی خدمت کے جذبے سے آگے بڑھ رہے ہیں اور چیلنجز کے باوجود معیشت کو سہارا دینے کے لئے کوشاں ہیں۔
وزیراعظم نے اتحادی ارکان کو آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شرکاء کو آئینی و قانونی امور پر بریفنگ دی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کو قانون سازی سے متعلق آگاہ کیا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس صبح دس بجے ہوگا جس میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی جائے گی اور کابینہ کی منظوری کے بعد مجوزہ آئینی ترامیم دونوں ایوانوں میں پیش کی جائے گی ۔