پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے پروڈکشن آرڈر پر پارلیمنٹ آئے 10 اراکین اسمبلی کو اسلام آباد پولیس واپس لے گئی۔
جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی کے گرفتار 10 ارکان کو پروڈکشن آرڈرز پر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچایا گیا تھا جن میں شیر افضل مروت، شیخ وقاص اکرم، زین قریشی، اویس جکھڑ، عامر ڈوگر ، یوسف خان اور احمد چھٹہ ، زبیر خان، شاہ احد خٹک اور نسیم علی شاہ شامل تھے۔
تمام اراکین کو قائمقام سارجنٹ ایٹ آرمز فرحت عباس کے حوالے کیا گیا تھا۔
اسمبلی سیشن ختم ہونے کے بعد اراکین کے لئے رات کے کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا ، اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور اپوزیشن لیڈر عمرایوب بھی گرفتار ارکان کے ساتھ موجود تھے۔
بعدازاں، پارلیمنٹ کے باہر موجود 10 تھانوں کے ایس ایچ اوز نے اراکین کو حراست میں لیا اور 10 مختلف گاڑیوں میں بٹھا کر انہیں واپس لے گئے۔
پارلیمنٹ سے ہر ایس ایچ او ایک ، ایک پی ٹی آئی رکن کو لے کر روانہ ہوا۔
جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے انسداد دہشتگری عدالت کا ممبران کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کردیا گیا تھا اور کیس کی سماعت جمعہ دن 10 بجے تک ملتوی کر دی گئی تھی۔