سپریم کورٹ نے ڈیرہ اسماعیل خان کی رہائشی زیتون بی بی کو وراثت میں حصہ دینے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے بھائیوں میاں دین محمد اور میاں فاروق کی نظرثانی اپیلیں خارج کر دیں۔
جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ بینچ نے درخواست گزار کے وکیل کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت پر واضح کیا تھا اب التوا نہیں ملے گا۔ وکیل کی بیماری اس نوعیت کی نہیں کہ التوا دیا جائے۔ عدالت نے کوئی ٹھوس وجہ نہ ہونے پر اپیلیں خارج کر دیں۔ سپریم کورٹ نے 2022 میں ڈیرہ اسماعیل خان کی زیتون بی بی کا وراثتی حق تسلیم کیا تھا۔ زیتون بی بی کے بھائیوں میاں دین محمد اور میاں فاروق نے عدالتی فیصلے پر نظرثانی اپیلیں دائر کی تھیں۔ بھائیوں نے اڑتالیس سال سے اپنی بہن زیتون بی بی کو وراثتی حق سے محروم رکھا ہوا ہے۔