سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس نشر کرنے پر ٹی وی چینلز کی معافی منظور کر لی، معافی نامہ نشر کرنے کی یقین دہانی پر ٹی وی چینلز کے خلاف توہین عدالت کا کیس نمٹا دیا گیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے ٹی وی چینلز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ٹی وی چینلز نے جواب جمع کرادیا ہے جس میں غیر مشروط معافی مانگی ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حکم نامے میں لکھوایا کہ ٹی وی چینلز نے خود احتسابی کا عمل بہتر بنانے اور معافی نامہ نشر کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ سپریم کورٹ نے معافی نامہ نشر کرنے کی یقین دہانی پر چینلز کے خلاف توہین عدالت کا کیس نمٹا دیا۔ عدالت اس سے قبل فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کی بھی معافی کی درخواست قبول کرچکی ہے۔