پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سیاسی سطح پر ہمیں اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی نہیں چاہیے۔
سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات ہوئی ہے، انہیں پیر کو حکومتی ادارے کی طرف سے مدعو کیا گیا تھا اور امن وامان کی صورتحال پر بلایا گیا تھا، وہ اپنی مرضی سے گئے تھے، ایک مخصوص جگہ پر ملاقات طویل ہوگئی تھی، ایسا نہیں ہے کہ وہ اغوا ہو گئے تھے اور ان سے کوئی ناروا سلوک بھی نہیں ہوا ۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پولیس کے پارلیمنٹ میں زبردستی داخل ہونے کو حملہ ہی کہوں گا، گزشتہ روز جو ہوا اس میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خواتین کی تضحیک کا حصہ نہیں بنے گی، صحافت میں کالی بھیڑیں ہیں جنہوں نے اپنے ڈرائنگ میں انٹرویوز کیے اور علی امین گنڈاپور نے کہا ہے وہ صحافیوں سے متعلق بیان کی جلد وضاحت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ غلط ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی کیلئے کوشش کر رہی ہے، سیاسی سطح پر ہمیں اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی نہیں چاہیے ۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت ہے اور صوبائی حکومت ہر سطح پر اداروں سے رابطے میں رہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 22 اگست کواسٹیبلشمنٹ نے کہا تھا آج جلسہ نہ کریں کوئی گڑ بڑ ہو سکتی ہے ۔