اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے طلب کرنے پر آئی جی اسلام آباد پولیس عدالت میں پیش ہوئے ، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آئی جی صاحب شعیب شاہین صاحب کدھر ہیں؟آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ شعیب شاہین اس وقت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہیں،شعیب شاہین کو تھانہ نون نے گرفتار کیا،باقی لوگ بھی گرفتار ہیں،عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ مانگا گیا ہے،سماعت چل رہی ہے، چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا پارلیمنٹ کے اندر سے بھی گرفتاریاں کی ہیں؟ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جی نہیں پارلیمنٹ کے گیٹ سے گرفتاریاں ہوئی ہیں
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ باضابطہ گرفتاری ڈال دی گئی ہے تو حبس بے جا کا کیس تو ختم ہوگیا،اگر جوڈیشل ریمانڈ ہو جاتا ہے تو پھر ضمانت کی درخواست کا آپشن ہے،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شعیب شاہین کیخلاف سنگجانی اور تھانہ نون میں اور بھی ایف آئی آرز ہیں،چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی معاملہ اے ٹی سی میں ہے،دیکھ لیتے ہیں جسمانی ریمانڈ ہوتا ہے یا جوڈیشل،ابھی اس پٹیشن کو رکھ رہا ہوں، مجھے اے ٹی سی کا آرڈر بتا دیجئے گا، عدالت کافیصلہ آنے کے بعد اس پٹیشن پر مناسب حکم جاری کروں گا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے شعیب شاہین بازیابی کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔