بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’’جوان‘‘ نے دو روز میں 200 کروڑ روپے سے زائد کما لیے۔ رپورٹ کے مطابق ہندی زبان میں اس فلم نے پہلے دن بھارت میں 65 کروڑ جبکہ تامل اور تیلگو ورژن نے 5، 5 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ نے ہندی سنیما میں نئی تاریخ رقم کردی، 7 ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہونیوالی فلم نے اپنے پہلے ہی روز 100 کروڑ (ایک ارب بھارتی روپے) کی کمائی کا ہندسہ عبور کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر اس قدر پذیرائی کا کسی کو بھی اندازہ نہیں تھا، جوان نے پہلے ہی دن 100 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم جوان نے دوسرے دن بھی 100 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا، جو دونوں ہی بھارتی فلم انڈسٹری کے نئے ریکارڈ ہیں۔
بھارتی اخبار ’’دی ہندوستان ٹائمز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق فلم ’’جوان‘‘ نے عالمی سطح پر پہلے دن یعنی جمعرات کو ایک ارب 29 کروڑ روپے کا بزنس کرکے ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس ’’ریڈ چیلیز‘‘ نے ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے 129 کروڑ کا پوسٹر لگایا اور ساتھ ہی جوان فلم کا ڈائیلاگ لکھا’’ابھی تو یہ شروعات ہے‘‘۔
پیغام میں مزید لکھا گیا کہ ’’بھارتی سنیما کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا اوپننگ ڈے (کلیکشن) ہے‘‘۔
شاہ رخ خان کو ان کے فینز دنیا بھر سے اپنی ویڈیوز اور تھیٹر سے اپنی تصاویر شیئر کر رہے ہیں، جن میں سے بعض پر شاہ رخ خان نے اپنے انداز میں جواب بھی دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم ’’جوان‘‘ نے بھارت میں پہلے دن 75 کروڑ کا بزنس کیا، جس میں سے ہندی ورژن نے 65 کروڑ اور تامل اور تیلگو ورژنز نے 5، 5 کروڑ روپے کمائے۔