وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اپنے لیے این آر او مانگ رہے ہیں۔
شکرگڑھ میں سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے لیے این آر او مانگ رہے ہیں اور اس کے لئے وہ کبھی امریکا جاکر کانگریس میں منتیں کرتے ہیں اور کبھی برطانیہ میں ہاؤس آف لارڈز میں ان کے لوگ ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوجاتے ہیں جبکہ کبھی وہ پاکستان میں مختلف فورم میں جا کر موقف اپناتے ہیں پھر اسکے خلاف آجاتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد ہے کہ کسی طرح ان کی قیادت کو این آر او مل جائے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انہیں وہ رسیدیں نہ دکھانی پڑیں جو ان سے مانگی جارہی ہیں،بانی پی ٹی آئی گلا پھاڑ کر رسیدیں مانگتے تھے، جب اپنی رسیدیں دینے کی باری آئی تو چیخیں نکل رہی ہیں، اب انہیں یہ ظلم نظر آتا ہے، جو انہوں نے جھوٹے مقدمات بنائے، ہم میں عدالتوں کے سامنے جاکر ان کا دفاع کیا، اپنی بے گناہی ثابت کی اور عدالتوں نے وہ کیس ردی کی ٹوکری میں اٹھاکر پھینک دئیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف سنگین جرائم ہیں،انہوں نے 190ملین پاؤنڈ کا خرد برد کیا اور جو رقم پاکستان کے خزانے میں آنا تھی اسے اپنے دوست کے اکاونٹ میں منتقل کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مہنگے تحائف کو سرکار میں سستے داموں خرید کر مارکیٹ میں بیچ کر غلط بیانی کی، جعلی رسیدیں پکڑی گئیں تو وہ کہتے ہیں ہم بڑے ایماندار ہیں، وہ کہتے ہیں ہم نے رسیدیں نہیں دکھانی ہماری بات پر یقین کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جان تب ہی چھوٹے گی جب وہ تمام رسیدیں دکھا کر قانونی تقاضے پورے کریں گے اور اگر وہ رسیدیں نہ دکھا پائے تو وہ مجرم ٹھہریں گے اور انہیں سزا ملے گی۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ آنے کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا تھا، فارن فنڈنگ کا مقصد تھا کہ پاکستانی معیشت کو دیوالیہ کیا جائے، اب شک نہیں رہا بانی پی ٹی آئی نے قومی اداروں کے خلاف کس کے کہنے پر مہم چلائی۔