وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ نے بانی پی ٹی آئی کو اسرائیلی سیاسی برانڈ قرار دے دیا ۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل ٹائمز کے مضمون کے انکشاف سے نو مئی کی منصوبہ سازی اور حملوں کی وجوہات مزید واضح ہوگئیں اور ثابت ہوا کہ فارن فنڈنگ اور سماجی خدمت ایک پلاننگ کا حصہ تھی۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اس سب کا مقصد پاکستان کی اسلامی و نظریاتی سوچ اور خارجہ پالیسی بدلنا تھا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو اقتدار سے نکالنے کی پوری کہانی مضمون پڑھ کر سمجھ آجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کھل گیا کہ اسرائیل نے بانی پی ٹی آئی جیسے مہرے کے حق میں بیان کیوں دیا اور امریکی کانگریس سے قرارداد کیوں منظور ہوئی؟ تانے بانے سامنے آ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی اور پی ٹی آئی اسرائیلی برانڈ ہے ، جسے اسلامی ٹچ دے کر مقبول بنانے کی کوشش ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سمیت ہر مسلمان کو اسرائیل کے سیاسی برانڈ کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔