وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اسلام آباد سنگجانی میں تاریخی جلسہ ہوگا، کارکن حقیقی آزادی کو یقینی بنانے کے لئے ہر صورت اسلام آباد پہنچیں۔
وزیر اعلیٰ علی امین نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے جلسے کے حوالے سے پشاورسے ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر کو ہر صورت جلسہ ہوگا۔
علی امین کا کہنا تھا کہ ملک میں بار بار فرسودہ نظام کو لا کر زیادتی کی گئی ہے،عمران خان کی حکومت میں ہر شعبہ ترقی کر رہا تھا لیکن اب معشیت تباہ کردی گئی ہے اور ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا گیا ہے، ایک طرف بڑھتی مہنگائی ہے تو دوسری طرف امن وامان تباہ ہے۔
علی امین نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہرصورت اسلام آباد جلسے میں پہنچنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ موجودہ حکمرانوں کو لاتے ہیں ان کو بھی پیغام دینا چاہتا ہوں اب بس، اب ایک بار پھر ملک لوٹنے والوں کو این آر او دیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد جلسے میں آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔