اسلام آباد کے علاقے ترنول میں بارشوں کے پانی سے بننے والا دلدل نما جوہڑ ایک ہی خاندان کے 3 معصوموں کی جان نگل گیا۔ کوڑے کا ڈھیر کوڑا چننے والے بچوں کی موت کا سبب بن گیا۔
ترنول کے علاقے میں بارش کے کھڑے پانی سے بننے والا یہ خونی جوہڑ 3 بچوں کا قاتل ہے۔ گزشتہ روز دو سگے بہن بھائیوں اور اُن کی ماموں زاد بہن سمیت کوڑا کرکٹ چننے والے 3 بچے اسی دلدلی جوہڑ میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
بچوں کے ماموں کا کہنا ہے کہ بارشیں بہت زیادہ ہوئی ہیں، ان کی وجہ سے پانی کافی مقدار میں جمع ہو گیا ہے اور بچے جو آئے ہیں انہیں نہیں علم تھا کہ یہاں پہ سے گزرنا ہے کہ نہیں کیونکہ نیچے تھوڑا گڑا بنا ہوا تھا اس کی پانی میں سلپ ہو کے نیچے گر گئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق بچے مدد کے لیے بھی پکارتے رہے لیکن جب تک کوئی مددگار پہنچتا تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔
ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی بھی قائم کردی ہے جو واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات بھی دے گی۔