محکمہ موسمیات نےدو سے چار ستمبر تک ملک کے اکثرعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی پیشکوئی کردی۔ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کی ایڈوائزری بھی جاری کردی گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کےمطابق خلیج بنگال سے مون سون ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے بعد دو سے تین ستمبر کو خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں،اسلام آباد، وسطی اور بالائی پنجاب میں بادل کھل کربرسیں گے،تین اور چار ستمبر کے دوران جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے ، جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دو سے چار ستمبر پر شدید بارشوں کا امکان ہے۔
آج خلیج بنگال سے اٹھنے والے مرطوب ہوائیں خیبر پختونخوا میں داخل ہونگیں
خیبر پختونخوا میں آج سے بالائی اورمیدانی علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دار بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا،پشاور،ایبٹ آباد،مانسہرہ ،دیر ،سوات،مردان،چارسدہ ،مہمند اورخیبرسمیت بالائی اور میدانی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
موسلا دار بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اورشہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظرانتباہ جاری کردیا ہے ۔