چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کی بات کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے براہ راست مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بطوراپوزیشن جماعت ہماری اسپیکرقومی اسمبلی سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، ہماری ملاقاتیں اوپن اور اسمبلی امورچلانے یا اپوزیشن کے پارلیمانی امورسے متعلق ہوتی ہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہم نے کبھی کسی ملاقات میں اسپیکر سے مذاکرات کی بات نہیں کی نہ ایسا ارادہ ہے، کسی پی ٹی آئی رکن یا وفد نےاسپیکرکےساتھ کبھی حکومت سےمذاکرات کی بات نہیں کی، پی ٹی آئی نےکبھی بھی اسپیکرکومذاکرات کیلئےدوبارہ آنےکی پیشکش بھی نہیں کی، حکومت سے براہ راست مذاکرات نہ کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں۔
قبل ازیں گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہماری طرف سے مذاکات کا اختیار محمود اچکزئی کو دیا گیا ہے۔ محمود اچکزئی کے حکومت سے مذاکرات کرنے پراعتراض نہیں، محمود اچکزئی بات چیت کر کے تجاویز لاتے ہیں توغور کریں گے، محمود اچکزئی سے مذاکرات کب اور کس بنیاد پر کرنے ہیں یا حکومت کی صوابدید ہے۔