پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے سربراہ نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ساتھ مذاکرات کی مخالفت کر دی۔
ہفتہ کو پارٹی صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے مسلم لیگ ن کے اہم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق لیگی قائد نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی مخالفت کرتے ہوئے دیگر جماعتوں سے بات چیت کیلئے گرین سگنل دے دیا ۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کے حامی معتدل گروپ سے مذاکرات کی حمایت کردی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف اور رانا ثنااللہ کو اپوزیشن سے مذاکرات کا ٹاسک بھی سونپ دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات رواں سال کرانے پر اتفاق بھی ہوا۔
اجلاس سے خطاب میں نوازشریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سےعوام کو مہنگی بجلی اور مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا، مسلم لیگ ن ہی عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلائے گی۔